21 اپریل ، 2024
کراچی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر دہشتگرد حملے کے مبینہ سہولت کار کا پتا لگالیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی حکام نے مبینہ سہولت کار کا نام حاصل کرکے تلاش شروع کردی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ اکرم نامی مبینہ سہولت کار نے دہشتگردوں کو حملے کے مقام پر پہنچانے میں مدد کی، اکرم حملے کے مقام کے قریبی علاقے کا رہائشی ہے۔
ذرائع کے مطابق اکرم نامی شخص کی تلاش میں شرافی گوٹھ میں بھی چھاپہ مارا گیا، ٹیکنیکل سپورٹ سے جاری تفتیش کے دوران مبینہ سہولت کاری کا انکشاف ہوا۔
دوسری جانب مانسہرہ کالونی میں دہشت گردوں کے غیرملکیوں پر حملے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حملے کے 3 مقدمے سی ٹی ڈی تھانے میں ایس ایچ او شرافی گوٹھ کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا تھا، ایک دہشت گرد کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی فدا حسین کے مطابق ایک مقدمہ بارودی مواد، دوسرا مقدمہ دہشت گردی اور تیسرا جدید اسلحے کا درج کیا گیا ہے۔