دنیا
Time 22 اپریل ، 2024

سرکاری نوکری کی تلاش میں ناکامی، بھارتی شہری گدھی کے دودھ سے لاکھوں کمانے لگا

دھیرن سولنکی نے گدھیوں کا ایک فارم قائم کیا ہے جن کے فارم میں 42 گدھیاں ہیں/ فوٹو بھارتی میڈیا
دھیرن سولنکی نے گدھیوں کا ایک فارم قائم کیا ہے جن کے فارم میں 42 گدھیاں ہیں/ فوٹو بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست گجرات  سے تعلق رکھنے والے دھیرن سولنکی نامی شخص نے سرکاری نوکری نہ ملنے پر گدھیاں پالنا شروع کردیں جس کے کچھ عرصے بعد  ہی اس کی آمدن لاکھوں میں ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھیرن سولنکی نے گدھیوں کا ایک فارم قائم کیا ہے جن کے فارم میں 42 گدھیاں ہیں اور ان گدھیوں سے دھیرن اب ماہانہ 2سے 3 لاکھ روپے ماہانہ کمالیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گدھیوں کے فارم پر بات کرتے ہوئے دھیرن سولنکی نے کہا کہ میں سرکاری نوکری کی تلاش میں تھا، نوکری کی تلاش کے دوران مجھے کچھ پرائیویٹ نوکریاں ملیں لیکن تنخواہ سے بمشکل میرا گھر چلتا تھا، تقریباً اسی وقت، مجھے گدھیاں پالنے کا علم ہوا پھر  میں نے کچھ لوگوں سے ملاقات کی اور تقریباً 8 ماہ قبل اپنے گاؤں میں  20 گدھیوں اور 22 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری سے یہ فارم بنالیا۔

فوٹوبشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹوبشکریہ بھارتی میڈیا 

دھیرن سولنکی کے مطابق فارم کا ابتدائی سفر مشکل تھا کیوں کہ  گجرات میں گدھی کے دودھ کی شاید ہی کوئی مانگ ہو، پہلے 5 ماہ میں  میری کوئی آمدنی نہیں ہوئی اس کے بعد میں نے بھارتی کمپنیوں تک دودھ کی سپلائی شروع کی۔

انہوں نے بتایا کہ اب میں کرناٹک اورکیرالہ میں دودھ سپلائی کرتا ہوں، میرے گاہکوں میں  کاسمیٹک کمپنیاں  بھی ہیں جو اپنی مصنوعات میں گدھی کا دودھ استعمال کرتی ہیں، بھارت میں یہ دودھ 5 ہزار سے 7 ہزار فی لیٹر فروخت ہورہا ہے جب کہ  گائے  کا دودھ 65 روپے فی لیٹر میں فروخت ہوتا ہے۔

مزید خبریں :