31 جنوری ، 2013
کوئٹہ … کوئٹہ میں اہل سنت و الجماعت بلوچستان کے زیراہتمام کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ اہل سنت و الجماعت کی ریلی سریاب روڈ سے شروع ہوئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب میں مولانا محمد رفیق مینگل اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ اجمعین قابل احترام ہیں اور ان کی ناموس کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے گا۔ اس موقع پر اہلسنت کے رہنماوٴں نے کراچی میں آئے روز عوام اور اہلسنت کے اکابرین اور کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی بھرپور مذمت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں معصوم افراد کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے اور ان واقعات میں ایک بھی ٹارگٹ کلر گرفتار نہیں ہوسکا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حالات کی بہتری کیلئے سندھ حکومت کو ہٹا کر گورنر راج نافذ کیا جائے۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ اہلسنت کے قائدین اور کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ پر وفاقی حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے، ان واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے سزا دی جائے۔