31 جنوری ، 2013
اسلام آباد … چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر جاوید لغاری نے کہا ہے کہ ایچ ای سی ترمیمی بلقومی اسمبلی میں پیش کرنے سے پہلے مشاورت کی جائے، انہوں نے بل پر تحفظات سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے، جبکہ چیئرمین قائمہ کمیٹی تعلیم و تربیت کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی کا کہنا تھا کہ جمہوری ملک میں بات چیت سے مسائل کا حل نکالنا چاہئے، سیاسی نمائندے ہمارے ہی ووٹوں سے کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مجوزہ ترمیمی بل پیش کرنے سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جانی چاہئے، 8 ماہ قبل قائمہ کمیٹی کو ایچ ای سی کی ٹاسک فورس بنانے پر اپنا تحریری بیان جمع کرادیا تھا، لیکن اس پر عملدر آمد نہیں ہوا۔