آزاد کشمیر اور جی بی میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ ٹوٹ گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان (جی بی) کے مختلف علاقوں بابوسرٹاپ، بٹوگاہ ٹاپ، فیری میڈوز، مظفرآباد اور وادی لیپہ  سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں اور برفباری سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، مختلف علاقوں کا ایک دوسرے سے زمینی رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔

حالیہ برفباری کے باعث چلاس سے گلگت سیکشن شاہراہ قراقرم گندلو کے مقام پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے جبکہ اپرکوہستان میں بارشوں کے باعث بند شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام بھی جاری ہے، مسافر اور سیاح دیامر اور کوہستان کے مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں لینڈ سلائڈنگ کے باعث سڑکوں بند ہونے سے متعدد علاقوں کا ایک دوسرے سے زمینی رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔

مظفرآباد میں چارروز کی بارش اور برفباری کے بعد موسم صاف ہوگیا مگر دریائے نیلم اور جہلم پر سیلابی کیفیت برقرار ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے وادی لیپہ میں موجی شیر گلی روڈ پر درخت گرنے سے سڑک بند ہوگئی، کپہ گلی روڈ پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک بند ہوجانے سے گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

ادھر شمالی وزیرستان، بنوں اور مالاکنڈ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ریکارڈ ہوئی جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔

مانسہرہ میں بھی گزشتہ 6 روز سے وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری ہو رہی ہے جس سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ ملتان، چنیوٹ، جھنگ، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

مزید خبریں :