انٹرٹینمنٹ
27 فروری ، 2012

آسکر کی تاریخ میں پاکستان نے پہلا ایوارڈ جیت لیا

 آسکر کی تاریخ میں پاکستان نے پہلا ایوارڈ جیت لیا

لاس اینجلس… دنیائے فلم کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکر کی 84 سالہ تاریخ میں پاکستان پہلی بار اس ایوارڈ کی دوڑ میں شریک ہوا اور پہلی ہی شرکت میں فلمساز شرمین عبید چنوئے نے اپنی دستاویزی فلم سیونگ فیس کے لیے آسکر جیت کر میدان مارلیا ۔ 84 برس سے جاری اس ایوارڈ میں پاکستان کی یہ پہلی انٹری ہے، ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے شرمین عبید نے اس ایوارڈ کو پاکستان اور پاکستانی عورت کے نام کیا اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر محمد جواد کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے تیزاب سے متاثرہ خواتین رخسانہ اور ذکیہ کے چہروں کی پلاسٹک سرجری کی ہے، شرمین عبید نے اپنی اس کامیابی کو رخسانہ اور زکیہ کی ہمتوں کے بھی نام کیا۔ سیونگ فیس لندن میں مقیم پاکستانی پلاسٹک سرجن ڈاکٹر محمد جواد کے ملک لوٹنے اور تیزابی حملوں کا شکار عورتوں کوطبی امداد فراہم کرنیکی کہانی پر مبنی دستاویزی فلم ہے۔ شرمیں عبید نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ یہ فلم پاکستان کے منفی پہلو کو اجاگر کرتی ہے، شرمین عبید چنوئے کا کہنا ہے کہ سیونگ فیس ایک برطانوی ڈاکٹر کی پاکستان سے انسیت پر روشنی ڈالتی ہے اور دوسری جانب پاکستانی پارلیمنٹ سے ایسے واقعات کے خلاف قانون سازی کے مثبت پہلو کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے فلمی اعزاز کی تقریب میں پاکستان بھی شامل ہوا اور پہلی ہی باری میں میدان مارلیا۔

مزید خبریں :