Time 09 مئی ، 2024
پاکستان

نیویارک پولیس کے پاکستانی نژاد افسران کا دورہ پاکستان، مقامی پولیس کو اہم تجاویز پیش

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے پاکستانی نژاد افسران نے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستانی پولیس اہلکاروں کیلئے اہم تجاویز پیش کردیں۔

پاکستانی نژاد امریکی پولیس افسران کا کہنا تھا پاکستانی پولیس محنتی ہے مگر فنڈز اور وسائل کے فقدان کی وجہ سے جرائم پر قابو پانا چیلنج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پولیس کا کام زیادہ اور تنخواہ کم ہے، عوام کے ساتھ رابطہ بڑھانے کیلئے پولیس کو اپنا رویہ نرم کرنے کی ضرورت ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نیویارک پولیس کے ڈیٹیکٹو روحیل خالد نے کہا کہ ہر ملک کے اپنے چیلنجز ہوتے ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں جا کر بہت اچھا لگا، چوری کی وارداتوں کا سراغ لگانے کے حوالے سے پاکستانی پولیس کو کچھ تجاویز دی ہیں۔

لیفٹیننٹ محمد عشرت کا کہنا تھا کہ پاکستان غیرملکیوں کیلئے بہت محفوظ ملک ہے، البتہ یہاں ٹریفک کنٹرول کا نظام بوسیدہ ہے، لوگوں میں تاثر ہے کہ نیویارک میں جرائم کم ہیں حالانکہ ایسا نہیں تاہم ان کے پاس وسائل زیادہ ہیں جن کی مدد سے وہ جلد مجرموں کا کھوج لگا لیتے ہیں۔

لیفٹیننٹ احتشام خان نے کہا کہ پاکستان میں پولیس کی تنخواہ کم اور کام بہت زیادہ ہے، عوام کے ساتھ رابطہ بہترکرنے کیلئے پولیس کو اپنا رویہ نرم کرنے کی ضرورت ہے، امریکا میں مختلف مراحل میں پولیس ٹریننگ ہوتی ہے، پاکستان میں ایسا نہیں ہے۔

نیویارک کے پولیس افسران نے دورہ پاکستان کے دوران یونیفارم میں کراچی میں مزار قائد پر حاضری بھی دی۔

مزید خبریں :