02 فروری ، 2013
لاہور…چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ میرٹ پر فیصلوں سے عدلیہ پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے ،تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے ، چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری کی صدارت میں قومی جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا اجلاس سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوا جس میں پانچوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان شریک ہوئے ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری نے کہا کہ عدلیہ کسی خوف یا رعایت دیے بغیر آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیے کوشاں ہے ، وسائل کے اندر رہ کر انصاف کو سب تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں ،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ محدود وسائل کے باعث عدلیہ پر مقدمات کا دباوٴ بڑھتا رہا ،تاہم سندھ ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں عدلیہ کی کارکردگی شاندار ہے ، بلوچستان میں صورتحال دیگر صوبوں کی طرح نارمل نہیں اس کے باوجود عدلیہ کی کارکردگی بہتر رہی،انہوں نے کہا کہ ججز اور وکلاء کی سیکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے ،عوام کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست کی ہے۔خیبر پختونخواہ میں ایڈیشنل سیشن جج پر حملہ ناقص سیکیورٹی کی وجہ سے ہوا۔