09 مئی ، 2024
نیپرا نے کے الیکٹرک کی طرف سے 9 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی عبوری طور 18 روپے 57 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرلی، فیصلہ بعد میں کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ کراچی والوں کو بجلی کے اضافی بلوں میں رقم کی واپسی کے خلاف کے الیکٹرک نے حکم امتناع لے رکھا ہے،اب فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے مزید اضافہ مانگا جارہا ہے۔
کے الیکٹرک کی طرف سے جولائی 2023 سے مارچ 2024 تک 9 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے صارفین پر 25 ارب 83 کروڑ روپے تک بوجھ منتقل کرنےکی درخواست کی گئی تھی اور کے الیکڑک کے ملٹی ائیر ٹیرف کی منظوری نہ ہونے کے باعث فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے عبوری اضافہ مانگا گیا تھا۔
دوران سماعت کراچی کے صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا قوانین کے مطابق عبوری اضافہ دیا جاسکتا ہے؟جس پر نیپرا نے کے الیکٹرک کو تحریری جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔
کراچی کے شہریوں نے کہا کہ بجلی مہنگی نہ کی جائے، پاور سیکٹرکی نا اہلی کی سزا عوام کو نہ دی جائے۔ کورنگی ایسوسی ایشن کے نمائندے نےکہا کہ کے الیکڑک کی وجہ سے انڈسٹری بیٹھ گئی ہے۔