02 فروری ، 2013
کراچی…پولیس نے عینی شاہد کی مدد سے گزشتہ دنوں کراچی میں نرسری کے مقام پر تین علماء کو دن دہاڑے شہید کرنے والے ملزمان کے خاکے تیار کرلیے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق نرسری پل کے قریب جامعہ بنوریہ کے مفتی عبدالمجید دین پوری، مفتی محمد صالح اور حسان علی شاہ کو شہید کرنے والے تینوں ملزمان کے خاکے عینی شاہد کی مدد سے تیار کرلیے گئے ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں ملزمان میں سے ایک ملزم نرسری پر ہی واقع ایک سرکاری دفتر میں ملازم ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے بیک اپ میں کھڑی کالے رنگ کی گاڑی حیدر آباد سے کراچی لائی گئی تھی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ ناظم آباد اور گلشن میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے حساس اداروں سے بھی مدد لینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔