02 فروری ، 2013
لاہور … پنجاب کے سابق گورنر لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ تیسری بار وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ بننے سے متعلق آئینی ترمیم نہ ہوتی تو شہباز شریف کیسے وزیراعلیٰ بنتے، صرف باتوں سے خادم اعلیٰ نہیں بنا جاسکتا۔ لاہور پریس کلب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملک میں جمہوریت بے نظیربھٹو شہید کے خون سے آئی ہے، پرویز مشرف کو آصف زرداری نے رخصت کیا اور اپنے تمام اختیارات وزیراعظم اور پارلیمنٹ کو سونپ دیئے۔ لطیف کھوسہ نے کہا آمر کے کہنے پر اپنے خاندان سمیت محلوں میں جاکر ٹھہرنے والے خادم اعلیٰ نہیں بن سکتے، اصغر خان کیس میں ان لوگوں کا اصل چہرہ سامنے آچکا ہے۔ سابق گورنر پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں کارکردگی پرکھ کر ووٹ دیں۔