02 فروری ، 2013
پشاور … جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کیخلاف بھرپور مزاحمت کرے گی، طالبان سے مذاکرات مہینوں میں نہیں چند دنوں میں ہو سکتے ہیں، تاہم حکمران دانستہ طور طالبان کے ساتھ مذاکرات سے گریزاں ہیں۔ پشاور میں جمعیت کے اجتماع کارکنان سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں سید منور حسن نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کا بم سب سے پہلے رضا ربانی نے پھینکا، انہیں قوم کوبتانا چاہئے کہ الیکشن موٴخر کرنے کی سازش کون کر رہا ہے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی انتخابات ملتوی کرنے کی کسی بھی سازش کی مزاحمت کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا جان بوجھ کر پاکستان میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہا ہے تاکہ خطے میں اپنی موجودگی کا جواز پیدا کرسکے۔ سید منور حسن نے کہا کہ حکومت کو پتہ ہے کہ طالبان کے کتنے گروہ ہیں اور کس سے مذاکرات کئے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہے تو طالبان سے مذاکرات مہینوں کی نہیں چند دنوں کی بات ہے مگر حکمران مذاکرات سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔