27 فروری ، 2012
لاہور… افغانستان میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف لاہور میں وکلا نے جزوی ہڑتال کی۔ ہائی کورٹ میں معمول کے مطابق کام ہوتا رہا جبکہ ماتحت عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔ ہڑتال کی اپیل پنجاب بار کونسل کی جانب سے دی گئی۔ بار کونسلز پر سیاہ پرچم لہرائے گئے جبکہ وکلا نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔ وکلا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔ ادھر وکلا کی ہڑتال کے باعث دور دراز سے آئے سائلوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔