02 فروری ، 2013
لاہور … امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ پنجاب میں بجلی و گیس کی عدم دستیابی کے باعث 450 ملیں بندش کا شکار ہیں، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پورا ملک سراپا احتجاج بنا ہوا ہے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ خودکشیوں کی شرح میں بے پناہ اضافہ حکمرانوں کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ملک میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں ووٹ صرف محب وطن جماعتوں اور ان کے نمائندوں کے حق میں ڈالیں، دونوں بڑی جماعتوں نے باریاں لگارکھیں ہیں۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے ہنگو مسجد کے باہر خودکش حملے میں 27 افراد کے جاں بحق ہونے پر اپنے شدید رد عمل میں اسے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اپنی آئینی مدت کے اختتام کے دنوں میں امریکی مفاداتی جنگ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کوئی اچھا کام ہی کردے۔