02 فروری ، 2013
اسلام آباد … محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل کے دوران ملک کے اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے، بلوچستان، مالا کنڈ، ہزارہ اور پشاور ڈویژن کے بعض علاقوں میں آج رات بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور منگل کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد کے علاوہ گوجرانوالہ ، سرگودھا ،پشاور ، کوہاٹ، مالاکنڈ، ہزارہ ، مکران ، قلات ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ انہی دنوں مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن ، کشمیر ، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں شدید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد، خشک اور جزوی طور پر ابرآلود رہا۔ شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ آج ملک میں کم سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی 10 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسکردو میں منفی 4، گلگت1، مری2، کوئٹہ 3، اسلام آباد اور مظفر آباد6 ، لاہور 7، فیصل آباد اور پشاور 9، ملتان10 جبکہ کراچی اور حیدر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔