03 فروری ، 2013
راولپنڈی…پولیس نے راول پنڈی کے ایک شیشہ سینٹر پر چھاپہ مار کر مالک سمیت 19 افراد کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا ہے۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اورمقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ تھانہ نیو ٹاوٴن کی حدود میں چاندنی چوک پر پولیس نے فرینڈز کارنر کے نام سے چلنے والے شیشہ سینٹر پر چھاپہ مار کر مالک سمیت وہاں موجود 19 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیشی افسر ریاض شاہ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ یہاں نوجوانوں کو نشہ آور تمباکو کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اوراونچی آواز میں فحش گانے چلائے جاتے ہیں،جس پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران موقع سے حقے ، تمباکو ، مختلف ادویات ، کیمیکل اور میوز ک سسٹم بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے نوجوانوں کی اکثریت دور دراز کے علاقوں سے آنے والوں کی ہے۔ اس پہلو پر بھی تفتیش کی جائے گی کہ یہ افراد محض شیشہ پینے دور دراز علاقوں سے یہاں کیوں آئے، کہیں یہ دیگر جرائم اور وارداتوں میں بھی تو ملوث نہیں۔