03 فروری ، 2013
لاہور…وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ انتخابی اتحاد کے لیے جماعت اسلامی ،جے یو پی ،جے یو آئی اور ایم ایل ایف سے بات چل رہی ہے۔ شفاف الیکشن کیلیے گورنر کی تبدیلی سمیت سب کچھ ہونا چاہیے۔لاہور میں جیو نیوز سے گفت گو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن میں اتحاد کے لیے دیگر پارٹیوں کے ساتھ سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے بھی بات چل رہی ہے ۔الیکشن سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے سوال پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کے آنے یا جانے کی بات نہیں ، قومی مفاد کو ہر بات پر فوقیت دی جانی چاہیے۔نگران وزیر اعظم سے متعلق استفسار پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا نام آج بتا دیا تو کل کیا بتائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے میٹرو بس پراجیکٹ کو عالمی معیار کا منصوبہ قرار دیا ۔تاہم میٹرو بس چلانے کیلیے ایچ ٹی وی لائسنس رکھنے سے متعلق سوال کو دلچسپ انداز میں گول کر گئے۔