پاکستان
27 فروری ، 2012

بلوچستان پرزرداری اور مشرف کی پالیسیوں میں فرق نہیں،مولانا سمیع الحق

بلوچستان پرزرداری اور مشرف کی پالیسیوں میں فرق نہیں،مولانا سمیع الحق

کوئٹہ… دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام اظہار یکجہتی بلوچستان کل جماعتی کانفرنس جاری ہے، کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کے لئے پرویز مشرف اور آصف زرداری کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، تاہم ہم اہل بلوچستان کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے ملک بھر کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔۔دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام اظہار یکجہتی بلوچستان کل جماعتی کانفرنس آج دوپہر کو کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی زیرصدارت مقامی ریسٹورنٹ میں شروع ہوئی، کانفرنس کے آغاز پر افتتاحی کلمات میں مولانا سمیع الحق نے کہا کہ موجودہ حکمران بلوچستان کے حقوق دینے میں بری طرح ناکام ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبہ کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں زخم دینے والوں کی نشاندہی بھی کریں گے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل محض کمیٹیوں اور پیکیجز اور معافی مانگنے سے حل نہیں ہوں گے، صوبے میں صوبائی خودمختاری کو یقینی بنایا جائے اور یہاں کے عوام کو ان کا جائز حق دیا جانا چاہئے،وہ صوبے کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک بھر کے عوام ان کے ساتھ ہیں، بلوچستان کے مسئلے پر امریکی کانگریس کی قرارداد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد ہماری خودمختاری اور آزادی پر حملہ ہے، کل جماعتی کانفرنس کے مقاصد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج کی کل جماعتی کانفرنس کاایک مقصد امریکہ، بھارت اور اسرائیل کوصوبے میں نیا کھیل کھیلنے سے روکنا بھی ہے، کیوں کہ امریکہ افغانستان سے فرار ہوتے ہوئے پاکستان کو توڑنے کی گھناونی سازش کررہا ہے۔

مزید خبریں :