پاکستان
04 فروری ، 2013

رحمن ملک کی لندن میں ارکا ن رابطہ کمیٹی سے ملاقات، الطاف حسین کی خیریت دریافت

رحمن ملک کی لندن میں ارکا ن رابطہ کمیٹی سے ملاقات، الطاف حسین کی خیریت دریافت

لندن…وفاقی وزیرداخلہ سینیٹررحمن ملک نے اتوار کو ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفےٰ عزیزآبادی، قاسم علی رضا، محمداشفاق، محمدانور، انیس ایڈوکیٹ اورافتخاراکبررندھاواشریک تھے ۔ رحمن ملک نے رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے صدر آصف زرداری کی جانب سے ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کی خیریت دریافت کی اورانکی صحتیابی کیلئے دعاکی ۔رحمن ملک نے موجود جمہوری حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے میں الطا ف حسین کے کردارکوسراہااوران کی مدبرانہ قیادت کوخراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پروفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے رابطہ کمیٹی کی جانب سے گزشتہ روزاٹھائے گئے نکات پر بھی بات چیت کی ۔ رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کی جانب سے پیش کردہ بیشتر عوامی ایشوز کے حل نہ ہونے اوربعض متعصب عناصر کی جانب سے ان مسائل کی حل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے معاملے پراپنے شدیدتحفظات کااظہارکیا۔ رحمن ملک نے رابطہ کمیٹی کویقین دلایاکہ تمام اختلافی اموراورعوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں جلد ہی ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کی کورکمیٹیوں کامشترکہ اجلاس کیا جائے گااورعوام کی فلاح وبہبودسے متعلق تمام حل طلب مسائل کوحل کیاجائے گا۔اس سلسلے میں صدرمملکت آصف علی زرداری اپناموٴثرکرداراداکریں گے ۔ رابطہ کمیٹی نے ملاقات میں وفاقی وزیرداخلہ سے پاکستان خصوصاًکراچی میں دہشت گردی کے واقعات اورمعصوم شہریوں کے قتل پر اپنی گہری تشویش اوراس حوالے سے عوام میں پائی جانے والی بے چینی سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے یقین دلایاکہ حکومت شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اوردہشت گردی کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے اوراس سلسلے میں مزیدموٴثراقدامات کئے جائیں گے۔ دریں اثناء مختلف سیاسی ، سماجی اور دینی شخصیات نے لندن ٹیلی فون کرکے الطاف حسین کی علالت پر گہری تشویش کا اظہارکیا ہے اور انکی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔وزیرداخلہ رحمان نے فون کرکے صدرآصف علی زرداری اور اپنی جانب سے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت وعافیت کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔دریں اثناء وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھی ٹیلی فون کرکے الطاف حسین کی علالت پر تشویش کااظہار کیا اور ان کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔

مزید خبریں :