Time 26 مئی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

طلعت حسین کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا: وزیر اعظم کا اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس

طلعت حسین کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا: وزیر اعظم کا اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس
فوٹو: فائل

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے نامور  اداکار طلعت حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم طلعت حسین ایک لیجنڈ اداکار تھے جن کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف تھا۔

ٹی وی، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے ممتاز اداکار طلعت حسین کی وفات پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم طلعت حسین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ طلعت حسین نےاپنی اداکاری سے ڈرامہ اور فلم شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی، ٹیلی وژن، تھیٹر، فلم اور ریڈیو کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلعت حسین کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا اسے کبھی پُر نہیں کیا جا سکے گا۔

چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدریوسف رضا گیلانی نے بھی معروف فنکار طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ کے لیے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی طلعت حسین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ طلعت حسین نے اپنی آواز اور اداکاری سے ہر کردار کو زندہ کیا، مرحوم طلعت حسین ایک حقیقی استاد تھے۔

مزید خبریں :