Time 30 مئی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا میں کتنے افراد چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ٹولز استعمال کرتے ہیں؟

دنیا میں کتنے افراد چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ٹولز استعمال کرتے ہیں؟
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

اگر آپ کو یہ ڈر ہے کہ چیٹ جی پی ٹی اور دیگر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز کو استعمال کرنے میں پیچھے رہ گئے ہیں تو فکر مند مت ہوں۔

کیونکہ بظاہر ہم میں سے بیشتر افراد اے آئی ٹولز کو استعمال کرنا پسند نہیں کرتے یا یا ان سے واقف ہی نہیں۔

یہ انکشاف ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔

رائٹرز انسٹیٹیوٹ اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 6 ممالک کے 12 ہزار سے زائد افراد میں سروے کیا گیا تھا۔

نتائج سے عندیہ ملا کہ حقیقی دنیا میں اے آئی ٹیکنالوجی اتنی بھی زیادہ مقبول نہیں جتنا اندازہ لگایا جاتا ہے۔

درحقیقت جو افراد جنریٹیو اے آئی ٹولز جیسے چیٹ جی پی ٹی، گوگل جیمنائی یا مائیکرو سافٹ کو پائلٹ استعمال کرتے ہیں، ان میں سے بھی زیادہ تر اے آئی ٹولز کو کبھی کبھار ہی استعمال کرتے ہیں۔

محض 7 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ اے آئی ٹولز کو روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ تر افراد (امریکا کے 47 فیصد اور برطانیہ کے 42 فیصد) تو ایسے ہیں جو چیٹ جی پی ٹی کے نام سے بھی واقف نہیں، یہ شرح دیگر اے آئی ایپس میں بہت زیادہ ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کے بعد سب سے زیادہ معروف اے آئی ٹولز گوگل جیمنائی، مائیکرو سافٹ کو پائلٹ، اسنیپ چیٹ مائی اے آئی، میٹا اے آئی، بنگ اے آئی اور یو چیٹ ہیں۔

اگرچہ جنریٹیو اے آئی ٹولز کا استعمال ابھی بہت کم کیا جاتا ہے مگر تحقیق میں چند دلچسپ نکات بھی سامنے آئے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ تر افراد اے آئی ٹولز کو بیکار سوالات کے جواب جاننے کے لیے استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ افراد اس ٹیکنالوجی کو تصاویر بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

18 سے 24 سال کی عمر کے 60 فیصد افراد کے خیال میں اے آئی ٹیکنالوجی آئندہ 5 برسوں میں ہماری زندگیوں کو تبدیل کر دے گی مگر 55 سال یا اس سے زائد عمر کے محض 41 فیصد افراد اس سے اتفاق کرتے ہیں۔

مزید خبریں :