17 جنوری ، 2012
اسلام آباد…پیپلزپارٹی کی قیادت، بعض وفاقی وزراء اور سینئر رہنماوٴں نے وزیراعظم کے سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے کے اعلان کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی صحیح، قابل احترام اور آئینی موقف اپنانے پر وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہو گی۔صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کے سینئر رہ نماوٴں اور بعض وفاقی وزراء کا اجلاس ایوان صدر میں ہوا۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں موجودہ صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکومت اور پارٹی کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے طریقے زیر بحث آئے۔ اور اتحادیوں کی طرف سے حکومت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اجلاس میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فریال تالپور، نیئر بخاری ، امین فہیم ،رحمان ملک ، منظور وٹو ، خورشید شاہ ، نوید قمر ، بابر اعوان ، رضا ربانی، فیصل رضا عابدی ، ، قمر زمان کائرہ، راجا پرویز اشرف ، فرحت اللہ بابراوردیگررہنما شریک ہوئے۔