27 فروری ، 2012
اسلام آباد… اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی نے کہاہے کہ آزاد میڈیا کے خلاف گائیڈ لائنز کے نام پر حکومت کی سوچ خطرناک ہے جس کے خلاف قومی اسمبلی میں آواز اٹھائی جائے گی ۔ چودھری نثار نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفت گو میں کہاکہ حکومت آزاد میڈیا کی قیمت پر الیکشن میں سیاسی پوزیشن محفوظ بنانا چاہتی ہے،قومی اسمبلی کے آئیندہ اجلاس میں میڈیا کیلئے گائیڈ لائنز بنانے کے خلاف آواز اٹھائیں گے، انہوںنے کہاکہ موجود حکومت سے بہتری کی توقع رکھنا حماقت ہے، ضمنی الیکشن میں ایک جماعت کی خاتون امیدوار نے جس طرح قانون کی دھجیاں اڑائیں وہ افسوسناک ہے، الیکشن کمیشن بااختیار ہوگیاہے، وہ ٹنڈومحمدخان کے واقعہ کا نوٹس لے،چودھری نثار نے کہاکہ حکومت نے ملتان کے ضمنی الیکشن میں پورا قومی خزانہ لگادیا ہے ، انہوں نے کہاکہ ریڈیو ٹیکس، عوام پر جگا ٹیکس لگانے کے برابر ہوگا، اسمبلی میں بھرپور مخالفت کریں گے ، حکومت نے عوام کو سکھ نہ دیا تو پارلیمنٹ سے صدر زرداری کا خطاب بھی چین سے نہیں ہونے دیں گے۔