پاکستان
06 فروری ، 2013

بتایا جائے صدرسیاسی عہدہ کب چھوڑرہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ

بتایا جائے صدرسیاسی عہدہ کب چھوڑرہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ

لاہور…لاہورہائیکورٹ نے قراردیاہے کہ جب صدرعوامی جلسوں میں ایک سیاسی جماعت کی حمایت اور دوسری کی مخالفت کریگا ،،تو وہ غیر جانبدار نہیں رہتا ،عدالت نے وفاق کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ صدر سے پوچھ کر بتائیں،صدر سیاسی عہدہ کب چھوڑیں گے۔عدالت نے مزیدسماعت15فروری تک ملتوی کردی۔صدرکے2 عہدوں سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5رکنی فل بینچ نے کی،وفاق کے وکیل وسیم سجادنے دلائل دیئے کہ صدرحکمران جماعت کے سربراہ نہیں اور وہ جلد سیاسی عہدہ چھوڑ دیں گے ،انہوں نے تحریری موٴقف بھی پیش کیا کہ ایوانِ صدر کو پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا،اِس پر جسٹس منصورنے استفسارکیاکہ ایوان صدر اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں نہیں ہوں گی تو کراچی میں ہو سکتی ہیں ،اورکیا صدر جس پیپلزپارٹی کے صدر ہیں، وہ فعال ہے ، وسیم سجادکا کہناتھاکہ ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہے، باقی صدر کے گھر ہیں ،درخواست گزاروکیل اے کے ڈوگرنے تحریری موٴقف مسترد کردیا،وسیم سجاد نے کہاکہ صدر کی کوئی سیاسی جماعت نہیں، وہ ایک ایسوسی ایشن کے کو چیئرپرسن ہیں،اس پرچیف جسٹس نے قراردیاکہ پی پی پی سیاسی ایسوسی ایشن ہے، صدر سے پوچھیں ،وہ سیاسی عہدہ کب چھوڑیں گے۔عدالت نے مزید سماعت15فروری تک ملتوی کردی،بعد میں وفاقی کے وکیل وسیم سجادنے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ صدر کے پاس کوئی سیاسی عہدہ نہیں ،نہ ہی صدر کا کوئی سیاسی ایجنڈا ہے۔

مزید خبریں :