12 جون ، 2024
پیپلز پارٹی کے بجٹ اجلاس میں عدم شرکت کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی۔
مسلم لیگ ن کے لیے بجٹ تقریر میں کورم پورا رکھنا درد سر بن گیا۔ کابینہ کا اجلاس ختم ہونے کے بعد ارکان قومی اسمبلی ایوان میں موجود ہیں اور ارکان کے ایوان میں موجود ہونے کے باوجود اجلاس شروع نہ ہو سکا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اپنی نشست پر کھڑے ہو کر بجٹ تقریر کیلئے تیار ہیں لیکن حکومتی اتحاد کے ارکان کی کورم سے کم تعداد ایوان میں موجود ہے۔
اسمبلی اجلاس چلانے کے لیے حکمران اتحاد کے 84 ارکان کا ایوان میں موجود ہونا ضروری ہے اور اس وقت ایوان میں حکمران اتحاد کے صرف 51 ارکان موجود ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے میں مسلسل تاخیر ہے اور قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس سہ پہر 4بجے شروع ہونا تھا۔
ڈیڑھ گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر جانے کے باوجود اجلاس شروع نہ ہوسکا۔