Time 14 جون ، 2024
پاکستان

’ارکان میں ترقیاتی فنڈ برابر تقسیم ہوتے ہیں‘رانا ثنا نے شیری رحمان کا دعویٰ مسترد کردیا

’ارکان میں ترقیاتی فنڈ برابر تقسیم ہوتے ہیں‘رانا ثنا نے شیری رحمان کا دعویٰ مسترد کردیا
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ نے شیری رحمان کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈ برابری کے ساتھ تقسیم کیے جاتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملاقات میں ہم سے ایسا کوئی گلہ نہیں کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے شواہد دکھائے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے پی ایس ڈی پی پر اُن کی میٹنگز ہوئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تمام مسائل کے حل کا طریقہ کار طے ہے، پیپلز پارٹی کے وفد اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان مختلف معاملات پر عید کے بعد ملاقات طے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے ن لیگ کے ساتھ ناراضی کی تفصیلات بتاتے ہوئے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں دوسرے اتحادیوں کی اسکیمیں بجٹ میں شامل کی گئی ہیں مگر پیپلز پارٹی کی نہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ساتھ معاملات میں اب تک پیشرفت ہو جانی چاہیے تھی کیونکہ ہمارا اُن کے ساتھ اتحاد قائم کرتے وقت تحریری معاہدہ ہوا تھا لیکن ن لیگ نے ہم سے مشاورت کرنے میں بہت دیرکردی۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سیاست میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے، پیشرفت ہو رہی ہے مگر بہت دیر میں ہو رہی ہے۔

مزید خبریں :