20 جون ، 2024
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ عوام اور پاکستان کے خلاف بجٹ اکنامک ہِٹ مین نے بنایا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار قانون کی بالادستی نہ رکھنے والے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرتے۔
بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بجٹ ایک غیرقانونی دستاویز ہے جو یہاں پیش ہوا، بجٹ جب پیش ہوتا ہے تو فنانس بل سمیت تمام دستاویز یہاں پیش کرنے ہوتے ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ ایوان میں وہ دستاویز آئے ہی نہیں، صرف وزیر خزانہ کی تقریر تھی۔
قائد حزب اختلاف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 50 سال میں سب سے کم سرمایہ کاری موجودہ حکومت کے دور میں ہوئی۔
عمر ایوب نے کہا کہ حکومت ہر اعدادوشمار میں دو نمبری کررہی ہے، ملک میں بے روزگاری اور افراط زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور فی کس آمدن میں کمی آئی ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ شہباز شریف خود کو متنازع بناکر خوش ہوتے ہیں، کرپشن کیسز میں ملوث افراد کرپشن کیسے ختم کریں گے؟