21 جون ، 2024
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرم کے علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں 5 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادرسپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب صدرمملکت آصف زرداری نے ضلع کرم میں حملے کی مذمت کی اور شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدرمملکت نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی کو سراہا۔
آصف زرداری نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے کردارکی تعریف کی اور دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت، اور صبرجمیل کی دعا کی۔