پاکستان
07 فروری ، 2013

حکومت لکھ کر دے سیاسی جماعتوں کی مداخلت پر بے بس ہے، سپریم کورٹ

حکومت لکھ کر دے سیاسی جماعتوں کی مداخلت پر بے بس ہے، سپریم کورٹ

کراچی … سپریم کورٹ نے کراچی بد امنی کیس میں وفاق کی عدم دلچسپی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور تشدد جاری ہے، طاقتور مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اداروں کے پر جلتے ہیں، حکومت لکھ کر دیدے کہ سیاسی جماعتوں کی مداخلت پر بے بس ہے۔ کراچی میں 4 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ بینچ کے سربراہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ فتح ملک سے استفسار کیاکہ عدالتی فیصلے میں آبزرویشن ہے کہ کراچی بدامنی میں ملوث متحرک گروپوں کو سیاسی جماعتوں کی سرپرستی حاصل ہے، آپ نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا، آپ لکھ کر دے دیں کہ اس بارے میں آپ بے بس ہیں، عدالت کو صفحہ کالا کرکے دیدیا گیا جو اب کوئی نہیں دیا گیا۔ آئی جی سندھ فیاض لغاری کی جانب سے وکیل شاہ خاور نے رپورٹ میں بتایا کہ ٹارچرز والی ویڈیوز کے کوئی ملزمان گرفتار نہیں کئے گئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 441 لینڈ گریبرز کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ، 50 کے خلاف چالان جمع کرائے۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہہ دیں سپریم کورٹ نے جو نشاندہی کی ہے وہاں کارروائی کرتے آپ کے پر جلتے ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل سے دریافت کیا گیا کہ سوا سال سے وفاقی حکومت نے کراچی میں اندرونی خلفشار سے متعلق معاملے کیلئے کوئی اقدام کیوں نہیں کیا۔ عدالت نے پولیس کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ کی نفری میں سے کوئی سیاسی وابستگی نہیں رکھتا۔

مزید خبریں :