Time 23 جون ، 2024
پاکستان

پنجاب اور بلوچستان میں جولائی سے مون سون کا آغاز، معمول سے زائد بارشوں کا الرٹ جاری

پنجاب اور بلوچستان میں جولائی سے مون سون کا آغاز، معمول سے زائد بارشوں کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کی جانب سے اس سال مون سون کی زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے/ فائل فوٹو

بلوچستان اور  پنجاب میں رواں سال مون سون کی بارشوں  کا  آغاز  جولائی کے پہلے ہفتے سے متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اس سال مون سون کی زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ، نصیرآباد اور مکران ڈویژن میں مون سون بارشوں سے نقصانات کا خدشہ ہے اور ان اضلاع میں 800 خاندانوں کیلئے امدادی سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ادھر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور نالوں سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

پنجاب  میں مون سون بارشوں کا الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی مون سون بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد سے زائد ہونے کا امکان ہے اور یکم جولائی سے پنجاب میں مون سون سیزن شروع ہونے کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے جبکہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر اور جولائی کے چوتھے ہفتے میں50 سے 70 ملی میٹر  تک بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :