Time 25 جون ، 2024
پاکستان

سوا سال جیل میں رہا ہوں، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والے اپنا منہ بند رکھیں: پرویز الہٰی

سوا سال جیل میں رہا ہوں، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والے اپنا منہ بند رکھیں: پرویز الہٰی
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پہلے بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھا اور آئندہ بھی رہوں گا، ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والے اپنا منہ بند رکھیں۔

جیل سے رہا ہونے کے بعد پہلی بار ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ ڈیل اور ڈھیل کی باتیں کرنے والے سن لیں سوا سال جیل میں رہا ہوں جہاں گرنے سے میری پانچ پسلیاں بھی ٹوٹیں، اللہ تعالیٰ نے میری جان کسی مقصد کیلئے بچائی۔

انہوں نے کہا کہ میری نہ کسی سے کوئی ڈیل ہوئی نہ ہی مذاکرات، کیمپ جیل لاہور میں چوہدری شجاعت اور ان کی فیملی ملنے آتے رہے، اگر ڈیل کرنی ہوتی تو میں تب ہی کر لیتا، اس وقت بھی محسن نقوی خوامخواہ کا کرتا دھرتا بنا ہوا تھا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ نا بانی پی ٹی آئی پیچھے ہٹے ہیں نا میں پیچھے ہٹوں گا، ہم جیل میں ایک دوسرے سے باتیں کرتے رہے ہیں وہ باتیں جلد رنگ لائیں گی، تحریک انصاف جلد اقتدار میں آئے گی۔

پی ٹی آئی کے صدر کا کہنا تھا ق لیگ کے کسی رہنما سے میری کوئی بات یا میٹنگ نہیں ہوئی، یہ ہر جگہ غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے گجرات کا مینڈیٹ چوری کیا پہلے وہ واپس کریں پھر بات ہوگی۔

چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا لوگ اسمبلی توڑنے کی بات کرتے ہیں اس میں بھی اللہ نے خیر رکھی تھی، میری پوزیشن واضع ہے اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں۔

مزید خبریں :