کاروبار
08 فروری ، 2013

ترقی سے محروم لیسکو ملازمین کا ہیڈ آفس کے باہر مظاہرہ

لاہور…ملک کے کئی دیگر اداروں کی طرح لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی بھی مالی بد حالی کا شکار ہے اور ہزاروں ملازمین اپنے الاوٴنسز، میڈیکل بل اور دیگر واجبات کے منتظر ہیں ، ملازمین نے اس صورتحال کے خلاف لیسکوہیڈ آفس کے باہر مظاہرہ کیا۔ کچھ عرصہ قبل تک لیکسو منافع بخش تھی اور اپنے پر کشش سیلری پیکجز کی وجہ سے پہچانی جاتی تھی تاہم اب اس کا حال بھی خراب ہے ۔ کئی ماہ سے ترقیوں، ٹی اے، ڈی اے اور میڈیکل بلزسے محروم ملازمین لیسکو ہیڈآفس کے باہر جمع ہوگئے اور احتجاج کیا، جس کی قیادت واپڈا پیغام یونین نے کی۔ قائدین نے کہا کہ کمپنی کا کوئی پرسان حال نہیں، صارفین کے ساتھ اب ملازمین بھی پریشان ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بدترین حالات کی ذمہ دار مینجمنٹ ہے، مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا ،لیسکو حکام کو چاہئے کہ جائز مطالبات فوری پورے کریں وگرنہ دفاتر پر تالہ بندی بھی کی جائے گی۔ مظاہرین کا کہناتھاکہ حکومت نے کمپنی کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو ملازمین اطمینان سے فرائض انجام نہیں دے سکیں گے اور لوڈشیڈنگ کے اندھیر ے گہرے ہوتے جائیں گے۔

مزید خبریں :