27 جون ، 2024
نیویارک: چین کے وزیر داخلہ نے داسو واقعے پر جاری تحقیقات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی اپنے چینی ہم منصب کیوآئی یانجن سے نیویارک میں ملاقات ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک چین تعلقات اور سکیورٹی امور پرگفتگو کی گئی جب کہ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چین کے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزرائے داخلہ کی ملاقات میں ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ چین پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ اور صلاحیت بڑھانےمیں تعاون کرےگا۔
چینی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کےقیام کو سراہا اور ایس پی یوکی ٹریننگ سمیت دیگر امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چین سے دوستی پر ہم سب کو فخر ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔
محسن نقوی نے کیو آئی یانجن کو داسو واقعےکی تحقیقات پر پیش رفت سےآگاہ کیا جس پر چینی ہم منصب نے کیس پرجاری پیش رفت پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اداروں نےمحنت کرکے اور پروفیشنل انداز میں اس کیس کوٹریس کیا، پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں اور یہ دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔
چینی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو ستمبرمیں گلوبل سکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے انہوں نےقبول کرلیا جب کہ محسن نقوی نے بھی چینی ہم منصب کودورہ پاکستان کی دعوت دی اور امید ظاہر کی کہ چینی وزارت داخلہ کاایڈوائزی گروپ جلدپاکستان کادورہ کرےگا۔