28 جون ، 2024
قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا جس کے بعد الیکشن ٹربیونلز میں اب ریٹائرڈ ججز کو بھی شامل کیا جا سکے گا۔
الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کی رپورٹ رانا ارادت شریف نے ایوان میں پیش کی۔
الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظوری کے لیے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں پیش کیا۔
وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بل کے قد و خال بیان کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ پر بوجھ کم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن ٹربیونلز میں سیشن کورٹس اور ہائی کورٹس کے ریٹائرڈ ججز کو بھی شامل کیا جائے۔
وزیر قانون نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر بوجھ کے باعث الیکشن ٹربیونلز کے فیصلوں میں تاخیر ہوتی ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن ارکان نے بل کی شدید مخالفت کی۔ تاہم قومی اسمبلی نے بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔
بل کے تحت الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کو تعینات کیا جا سکے گا، الیکشن ٹربیونلز کے قیام کا اختیار آئین کے تحت الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔