29 جون ، 2024
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے الگ الگ ملاقاتیں کی، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات میں تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیرجیانگ زیڈونگ نے بھی ملاقات کی جس میں پاک چین تزویراتی معاون شراکت داری کا اعادہ کیا گیا۔
فریقین نے وزیراعظم کے دورہ چین میں طے دوطرفہ اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات میں پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔