29 جون ، 2024
پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پارٹی رہنما و اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے ہاتھاپائی کی رپورٹ تیار کرلی۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں عمرایوب سے ہاتھا پائی کرنے والے شیرافضل مروت کے کارکن قرار دیے گئے ہیں اور ہاتھاپائی معاملے کی ذمہ داری شیر افضل مروت پر ڈالی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں کہا گیا ہےت کہ شیر افضل مروت پی ٹی آئی کے احتجاج کی قیادت کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں شیرافضل مروت کے پارٹی رہنماؤں کےخلاف بیانات کابھی حوالہ دیاگیا۔
ذرائع کے مطابق عمر ایوب کےساتھ ہاتھاپائی معاملے پرپارٹی رہنماؤں نے رپورٹ تیارکی ہے اور رپورٹ 2 جولائی کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو پیش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عدت کیس کی سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے قیادت سے احتجاج کی کال دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے عمر ایوب پر غصے کا اظہار کیا تھا اور وہ مشکل سے گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوئے تھے۔
عمر ایوب اور پی ٹی آئی کارکنان میں دھکم پیل بھی ہوئی تھی۔