پاکستان

پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت کا فواد سے رابطہ، تنقید نہ کرنے کی درخواست

پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت کا فواد سے رابطہ، تنقید نہ کرنے کی درخواست
پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت نے فواد چوہدری کی مثبت تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی: ذرائع— فوٹو:فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیئر قیادت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سے رابطہ کیا اور ان سے تنقید نہ کرنےکی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت اور فواد چوہدری کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پربھی گفتگو ہوئی۔

ذرائع نے بتایاکہ پی ٹی آئی قیادت نے فواد چوہدری سےموجودہ قیادت پرتنقید نہ کرنےکی درخواست کی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد نے کہا کہ موجودہ پالیسی کےتحت بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن نہیں جبکہ سینیئر رہنما کا کہنا تھاکہ ہمارا ایجنڈا بانی پی ٹی آئی کو جلد رہا کرنا اور عوامی مینڈیٹ واپس دلانا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کےمتحد ہونے پر اتفاق کیا اور فواد چوہدری کی مثبت تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری کی جانب سے پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر لفظی گولہ باری جاری ہے اور کئی پی ٹی آئی رہنما بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

گزشتہ دنوں فواد چوہدری نے انٹرویو میں کہا تھاکہ پی ٹی آئی ہی کی وجہ سے ہیں، ہماری پہچان ہی پی ٹی آئی ہے، پی ٹی آئی میں تھے، ہیں اور رہیں گے۔

فواد چوہدری نے 24 مئی 2023 کو پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور 9 مئی واقعے کی مذمت کی تھی۔

مزید خبریں :