09 فروری ، 2013
لاہور…وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے لاہور میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاوٴس لاہور میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے صدر کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور انتخابات کے آزادانہ اورمنصفانہ انعقاد کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ صدر زرداری نے وزیراعظم کو دورہ برطانیہ اور سہہ ملکی سربراہ کانفرنس کی تفصیلات بتائیں۔ ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری بھی موجودتھے۔ اس سے قبل صدر آصف علی زرداری لاہور پہنچے تو ایئرپورٹ پر گورنرپنجاب مخدوم احمد محمود اور پنجاب حکومت کی جانب سے وزیر تعلیم مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے انکا خیر مقدم کیا۔ صدر زرداری ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیدھے نجی ہاوٴسنگ اسکیم پہنچے جہاں انہوں نے بلاول ہاوٴس کا افتتاح کیا۔