05 جولائی ، 2024
لاہور میں ایک ڈرائیور سڑک پر ٹرک کھڑا کر کے جامن توڑنے چلا گیا جس پر ٹریفک وارڈن نے بلاکر لائسنس طلب کیا تو ڈرائیور نے ٹرک بھگانے کی کوشش کی۔
لاہور کی مصروف ترین شاہراہ کینال روڈ کے علاقے نیوکیمپس پنجاب یونیورسٹی کے اطراف ٹریفک روانی متاثر ہوئی تو وارڈن نے جا کر دیکھا کہ ایک ٹرک سڑک پر کھڑا ہے اور ڈرائیور سڑک سے دور درخت سے جامن توڑ رہا ہے، وارڈن نے اسے بلایا اور لائسنس طلب کیا تو ڈرائیور تیزی سے ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا اور ٹرک چلا دیا۔
ٹریفک وارڈن نذر محمد دلیری سے فرنٹ کا پائیدان پکڑ کر آگے سے ٹرک پر لٹک گیا اور ڈرائیور کو رُکنے کا کہتا رہا، ڈرائیور نے وارڈن کی بات سنی ان سنی کر دی اور ایک کلو میٹر تک ٹرک چلاتا رہا، آخر کارلوگوں کی مداخلت پر ڈرائیور کو ٹرک روکنا پڑ ا۔
وارڈن نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔