09 فروری ، 2013
واشنگٹن…امریکی ارکان سینیٹ نے ڈرون حملوں کی منظوری کے لیے ڈرون کورٹ کے قیام کی تجویز پیش کی ہے غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ”ڈرون کورٹ“ کے قیام کی تجویز گزشتہ روز سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی اجلاس کے موقع پر سامنے آئی۔ سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی میں سی آئی اے کے نامزد سربراہ جان برینن اپنے عہدے کی توثیق کے لیے پیش ہوئے تھے۔ جان برینن کو ڈرون حملوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ سینٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے کئی ارکان ڈرون کورٹ کے قیام کے حامی ہیں جس کے مطابق کسی بھی ڈرون حملے سے پہلے اس عدالت سے منظوری لی جائے۔ کچھ سینٹروں کا کہنا ہے کہ صرف اُنہیں ڈرون حملوں کی عدالت سے منظوری لی جائے جن میں امریکی افراد کو نشانہ بنایا جائے۔ دوسری جانب وائٹ ہاوٴس کے ایک عہدے دار کا کہنا ہے کہ ڈرون کورٹ کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم مستقبل قریب میں ایسی کسی عدالت کے قیام کا کوئی امکان نہیں۔