09 فروری ، 2013
لاہور … تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق ق لیگ کی تجاویز پر تحفظات ہیں، نگراں سیٹ اپ پر اگلے ہفتے مشاورت ہوگی اور معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ لاہورمیں ق لیگ کے وفد سے ملاقات کے بعد چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وزیر قانون فاروق ایچ نائیک اور وزیر اطلااعات قمر زمان کائرہ سے اگلے ہفتے ملاقات میں نگراں سیٹ اپ کے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ان کا کہناتھاکہ الیکشن کمیشن کے بارے میں اپنی پٹیشن میں صرف آئینی نکتے اٹھائے ہیں جو الیکشن کمیشن آئین کے مطابق نہیں بنا وہ شفاف انتخابات کیسے کرائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے بتایا کہ 15 فروری کو گوجرانوالہ میں ،17 فروری کو فیصل آباد اور 22 فروری کو ملتان میں جلسہ کریں گے۔