پاکستان
11 فروری ، 2013

شاہ زیب کیس:شاہ رخ جتوئی کی عمر 19 سال ہونے کی تصدیق

شاہ زیب کیس:شاہ رخ جتوئی کی عمر 19 سال ہونے کی تصدیق

کراچی …شازیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی میڈیکل رپورٹ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کردی گئی،رپورٹ کے مطابق شاہ رخ کی عمر 19 سال سے زائد ہے، عدالت نے شاہ رخ کو سینٹرل جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جج غلام مصطفی جتوئی کے روبرو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر توفیق اور دیگر اراکین نے اپنی مرتب کردہ رپورٹ، برتھ اور تعلیمی سرٹیفکیٹس عدالت میں پیش کئے جن سے ثابت ہوگیا کہ ملزم کی عمر 19 سے 20 سال کے درمیان ہے۔ عمر کا تعین ہونے کے بعد عدالت نے شاہ رخ جتوئی کو بچہ جیل سے سینٹرل جیل بھجوانے کا حکم جاری کردیا۔ قانونی ماہرین کے مطابق پہلے اگر جرم ثابت ہوجاتا تو سزائے موت نہیں ہوسکتی تھی،تاہم اب اگر جرم ثابت ہوگیا تو شاہ رخ جتوئی کو سزائے موت ہوسکتی ہے۔عدالت نے شاہ رخ جتوئی کی غلط میڈیکل رپورٹ تیار کرنے پر تفتیشی افسر انسپکٹر مبین احمد اورپولیس سرجن ڈاکٹر جلیل قادر کو شوکاز نوٹس بھی جار ی کیا۔عدالت نے وکلاء اور تفتیشی افسر کو کیس سے متعلق میڈیا کو بیانات دینے سے بھی روک دیا ہے۔عدالت میں تفتیشی افسر نے عدالت سے درخواست کی کہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،لہٰذااکیس کا چالان جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔ عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 19 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔

مزید خبریں :