21 جولائی ، 2024
ریاض: سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یمن کے ساحلی شہری الحدیدہ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ یمن میں الحدیدہ کو نشانہ بنانے میں سعودی عرب کا کوئی تعلق یاشراکت نہیں ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت اپنی فضائی حدود میں کسی بھی فریق کو دراندازی کی اجازت نہیں دے گی۔
خیال رہےکہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر حوثیوں کے ڈرون حملے کے بعد گزشتہ روز اسرائیل نے یمن کے شہر الحدیدہ کی بندرگاہ پر فضائی حملے کیے جس میں 3 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کاکہنا ہے کہ ہفتے کو ہمارے لڑاکا طیاروں نے یمن کی جانب سے حالیہ مہینوں میں اسرائیل کے خلاف کیے گئے سیکڑوں حملوں کے جواب میں یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کے علاقے میں حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر حوثی گروپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کا مؤثر جواب دیں گے،اسرائیل میں اہم اہداف کو نشانہ بنائیں گے اور فلسطینیوں کی حمایت میں فوجی آپریشن جاری رکھیں گے۔