26 جولائی ، 2024
اولمپکس کو دنیائے کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا جاتا ہے۔
ہر 4 سال بعد ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں ہزاروں ایتھلیٹس طلائی تمغے جیتنے کا خواب آنکھوں میں سجائے ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔
مگر کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ طلائی تمغہ جیتنے کے بعد کھلاڑی اس تمغے کو اپنے دانتوں سے چباتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
یہ بہت عام نظارہ ہے، متعدد اولمپئنز جیسے مائیکل فیلپس، یوسین بولٹ اور دیگر اپنے جیتے گئے میڈلز چبانے کی اداکاری کرتے دیکھے گئے ہیں۔
ویسے قدیم زمانے سے تاجر طلائی سکوں کو جانچنے کے لیے انہیں چبا کر دیکھتے آ رہے ہیں۔
سونا ایک نرم دھات ہے اور جب طاقت سے دانت اس پر گاڑے جاتے ہیں تو ان کے نشان دھات پر بن جاتے ہیں۔
مگر جہاں تک اولمپک چیمپئنز کی بات ہے تو وہ سونے کے خالص ہونے کی تصدیق نہیں کر رہے ہوتے۔
ویسے بھی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے 1912 سے خالص سونے کے بنے تمغے دینا بند کر دیے ہیں۔
تو پھر کھلاڑی آخر اولمپک میڈل پر دانت کیوں گاڑتے ہیں؟
اس بارے میں انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کی اپنی ویب سائٹ میں کچھ عرصے قبل دلچسپ وضاحت کی گئی تھی۔
جی ہاں واقعی اس کی وجہ بہت دلچسپ ہے اور وہ ہے فوٹو گرافرز کا اصرار۔
ایتھلیٹس کی جانب سے میڈل کو اس لیے چبایا جاتا ہے کیونکہ فوٹو گرافرز کی جانب سے ایسا کہا جاتا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران International Society of Olympic Historians کے صدر ڈیوڈ ویلچنسکی نے کہا کہ ایتھلیٹس کا اس طرح کا پوز فوٹو گرافرز کا جنون بن چکا ہے۔
فوٹو گرافرز کا خیال ہوتا ہے کہ میڈل کو چباتے ہوئے کھلاڑی کی تصویر اخبارات کے صفحات پر سج جائے گی اور اسی لیے وہ ایتھلیٹس سے ایسا پوز بنانے کی درخواست کرتے ہیں۔
ڈیوڈ ویلچنسکی نے کہا کہ 'میرے خیال میں وہ اسے آئیکونک فوٹو کے طور پر دیکھتے ہیں جو فروخت ہوسکتی ہے، میرا نہیں خیال یہ ایسا کام ہے جو ایتھلیٹس نے خود کیا ہو'۔
2010 کے ونٹر اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے جرمن کھلاڑی ڈیوڈ مولر کا دانت یہ پوز بناتے ہوئے ٹوٹ گیا تھا۔