12 فروری ، 2013
کراچی…کراچی میں آج بھی خوں ریزی کا سلسلہ جاری ہے ،دندناتی گولیوں نے 5افراد کی زندگیاں چھین لیں جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر7افراد زخمی بھی ہوئے۔کراچی کے علاقے گلبہارکی پیتل گلی میں فائرنگ سے ملک نیاز نامی شخص ہلاک ہوگیا۔گولیوں کی زد میں آکر 4افراد زخمی بھی ہوئے جن کی شناخت ناظم ، حکم علی ، واجد اور ادریس کے ناموں سے ہوئی ،فائرنگ کے بعد سینیٹری مارکیٹ بند ہوگئی جبکہ میت اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچانے کے بعد مشتعل افراد نے فائرنگ بھی کی۔اس سے قبل شارع فیصل پر نرسری کے قریب کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوگئے زخمی ہونے والے شخص کی شناخت غلام رضا کے نام سے ہوئی اور وہ ایف ائی اے کا اہلکار بتایا جاتاہے ۔ کلفٹن میں روسی قونصل خانے کے قریب کار پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے ، مقتول کے پاس سے پستول بھی برآمد ہوا۔ کورنگی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا اور اسپتال میں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ قیوم آباد سیکٹر سی اور بلدیہ ٹاوٴن میں بھی فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ منظورکالونی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔