12 فروری ، 2013
کراچی…مسلم لیگ ن سندھ اور جماعت اسلامی کراچی کے رہنماوٴں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن دباوٴ کا شکار ہے،ووٹرلسٹوں کی تصدیق کے عمل میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کیاجارہا،الیکشن کمیشن کراچی میں شفاف ،منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل سلیم ضیا ء اورجماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق فوج اور ایف سی کوکراچی میں ووٹرز کے تصدیقی عمل میں شریک کیا جائے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی میں ایک جماعت نے الیکشن کمیشن کو یرغمال بنارکھا ہے تاہم انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔محمد سلیم ضیاء کا کہنا تھا کہ انتخابی فہرستیں موجودہ پتوں کے مطابق بنائی جائیں ، الیکشن کمیشن دباوٴ کا شکار ہے۔مسلم لیگ ن کراچی کے رہنماعرفان اللہ نے کہا کہ وہ پانچ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر رہے مگر ان سمیت پورے خاندان کے نام موجودہ اانتخابی فہرست میں شامل نہیں۔