Time 04 اگست ، 2024
کھیل

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے کتنا بجٹ منظور کیا؟

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے کتنا بجٹ منظور کیا؟
آئی سی سی نے براڈ کاسٹرز سے بھی شیڈول شیئر کر دیا، تمام بورڈز سے مشاورت کے بعد آئی سی سی تجاویز کو حتمی شکل دے گی/ فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 70 ملین ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔

آئی سی سی نے تمام تر شیڈول جس میں اسپورٹ پیریڈ کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں،  چیمپئنز ٹرافی کے ٹیموں کے بورڈز کو بھجوا دیا ہے، شیڈول میں میچ شیڈول، وارم اپ میچز اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔

آئی سی سی نے براڈ کاسٹرز سے بھی شیڈول شیئر کر دیا ہے، تمام بورڈز سے مشاورت کے بعد آئی سی سی تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔

ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب کی منظوری کی صورت میں کرٹین ریزر ایونٹ کراچی میں ہونے کا امکان ہے جبکہ چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب لاہور میں ہو گی۔

آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں لگ بھگ 70 ملین ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دی گئی جس میں اسپورٹ پیریڈ میں ہونے والے تمام اخراجات کو شامل کیا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کا اسپورٹ پیریڈ 12 سے 18 فروری رکھا گیا ہے، ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جائے گی، فائنل کا ریزرو ڈے 10 مارچ کو رکھا گیا ہے، اسپورٹ پیریڈ کی ونڈو وارم اپ میچز کے لیے رکھی گئی ہے،  آئی سی سی تمام ٹیموں کے ساتھ مشاورت سے وارم اپ میچز کا فیصلہ کرے گی، منظوری کی صورت میں ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ 2 وارم اپ میچز کھیل سکے گی۔

وارم اپ میچز کے حوالے سے آئی سی سی تمام ٹیموں سے مشاورت کر رہی ہے، وارم اپ میچز بھی چیمپئنز ٹرافی کے 3 شہروں لاہور، کراچی اور  راولپنڈی میں ہوں گے، اسپورٹ ونڈو میں ٹریننگ سیشنز کا انعقاد، وارم اپ میچز، میڈیا ایکٹیویٹی اور تشہیری ایونٹس ہوں گے، اسپورٹ پیریڈ میں تمام سرگرمیاں آئی سی سی اور پی سی بی کی مشاورت سے طے ہوں گی۔

مزید خبریں :