Time 30 مئی ، 2025
کھیل

انگلش بیٹرز کے ہاتھوں ویسٹ انڈین بولرز کی دھلائی، انگلینڈ نے منفرد ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا

انگلش بیٹرز کے ہاتھوں ویسٹ انڈین بولرز کی دھلائی، انگلینڈ نے منفرد ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا
فوٹو: اے پی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹرز نے سیریز کے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈین بولرز کا بھرکس نکال دیا اور منفرد ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

جمعرات کو ایجبسٹن میں میزبان انگلینڈ نے 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 400 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

انگلش بیٹرز نے ویسٹ انڈین بولرز کی خوب دھلائی کی اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے 4 بیٹرز نے ففٹیاں اسکور کیں۔

انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل 82، بین ڈکٹ 60، کپتان ہیری بروک 58 اور جو روٹ 57 رنز کے ساتھ  نمایاں رہے۔

اس میچ میں انگلش ٹیم نے منفرد ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

انگلش کرکٹ ٹیم ون ڈے کرکٹ میں بغیر کسی بیٹر کی جانب سے سنچری اسکور کیے، 400 رنز بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔

اس سے قبل سنچری اسکور کیے بغیر ون ڈے میں کسی بھی ٹیم کے سب سے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے پاس تھا جس نے 2007 میں پاکستان کے خلاف 392 رنز اسکور کیے تھے۔

اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کے تمام ٹاپ 7 بیٹرز نے 30 یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔ 

یہ پہلا موقع تھا جب کسی ون ڈے اننگز میں ٹاپ 7 بیٹرز نے 30 یا اس سے زائد رنز اسکور کیے ہوں۔

انگلینڈ کے 401 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم 27 ویں اوور میں 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں انگلش ٹیم نے میچ 238 رنز سے جیت کر 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

مزید خبریں :