Time 30 مئی ، 2025
کھیل

میچ فکسنگ کا الزام: بھارتی فرنچائز مالک کو 2 سال جیل اور 10 سال تک کھیل سے معطلی کی سزا

میچ فکسنگ کا الزام: بھارتی فرنچائز مالک کو 2 سال جیل اور 10 سال تک کھیل سے معطلی کی سزا
پریم ٹھاکر کو جرمانے اور معاوضے کی ادائیگی کے بعد ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے/ فائل فوٹو

لنکا ٹی 10 لیگ کی فرنچائز گال مارولز کے مالک اور بھارتی شہری پریم ٹھاکر کو میچ فکسنگ کے الزام میں 2 سال جیل اور 10 سال کی معطلی کی سزا سنائی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں کھیلوں میں جرائم کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت پریم ٹھاکر کو خود پر لگے میچ فکسنگ کے الزامات کا جرم قبول کرنے کے بعد2 سال قید ، 60 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ  ، 10 لاکھ معاوضہ اور 10 سال کی معطلی کی سزا سنائی گئی ہے۔

کینڈی ہائیکورٹ نے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات  کیلئے پریم  ٹھاکر کے موبائل فون سے ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے اور اس کی جانچ  کی درخواست منظور کرلی ہے۔

دوسری جانب پریم ٹھاکر  کو  جرمانے اور معاوضے کی ادائیگی کے بعد ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پریم ٹھا کر نے ویسٹ انڈیز کے کرکٹر آندرے فلیچر کو دسمبر 2024 میں لنکا ٹی 10 لیگ کے دوران گال مارولز کے لیے میچ فکسنگ اور مراعات دینے کی کوشش کی تھی۔

مزید خبریں :