Time 06 اگست ، 2024
دنیا

بنگلادیش: مشتعل ہجوم نے عوامی لیگ کے رہنما کا ہوٹل جلادیا، 24 افراد ہلاک


بنگلادیش: مشتعل ہجوم نے عوامی لیگ کے رہنما کا ہوٹل جلادیا، 24 افراد ہلاک
فائر حکام ہجوم کی مزاحمت کی وجہ سے کافی دیر تک آگ بجھانے کا کام شروع نہ کرسکے: بنگلادیشی میڈیا/ فوٹو بنگلادیشی میڈیا

ڈھاکا: بنگلادیش میں مظاہرین نے عوامی لیگ کے رہنما کے ہوٹل کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ 

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق مشتعل مظاہرین نے  عوامی لیگ جیسور شہر کے جنرل سیکرٹری کے جیسور میں واقع زابیر انٹرنیشنل ہوٹل کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ ہوٹل میں آتشزدگی کی اطلاع کل 4 بجے ملی اور  فائر حکام 12 گھنٹے بعد  آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے، اس دوران بیشتر افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی اور ان کی لاشیں ہوٹل کی مختلف منزلوں سے ملیں۔

 بنگلادیشی میڈیا کے مطابق فائر حکام  ہجوم کی مزاحمت کی وجہ سے کافی دیر تک آگ بجھانے کا کام شروع نہ کرسکے۔ 

واضح رہے کہ بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت ہوئی جب کہ گزشتہ روز شیخ حسینہ واجد کے استعفیٰ دینے کے بعد عوامی لیگ کے رہنماؤں کے گھروں پر مشتعل مظاہرین نے حملے بھی کیے۔


مزید خبریں :